Prince Harry and Princess Meghan Markel 53

شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کے بچے شاہی القابات سے محروم رہیں گے

لندنبرطانوی شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کے بیٹے اور بیٹی کو شاہی القابات سے نہیں نوازا جائے گا۔

برطانوی اخبار “دی سن” کی رپورٹ کےمطابق ہیری کے والد  اور برطانیہ  کے نئے  با دشاہ چارلس سوم نے اپنے پوتے تین سالہ آرچی اور ایک سالہ للی بیٹ کو جلد ہی “عزت ماٰب” شہزادہ اور شہزادی کا خطاب دینے پر رضا مندی ظاہر کی تھی۔

تاہم اب انہوں نے ایک ہفتے کے دوران ہونے والی  تلخیوں  کے بعد شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کے بیٹے اور بیٹی کو شاہی القاب سے نوازنے سے انکار کر دیا ہے۔

2020 میں شاہی خاندان سے دستبرداری کے بعد ہیری اور میگھن سے بھی ان کے یہ القابات چھین لیے گئے تھے۔

صحافتی ذرائع نے  برطانوی اخبار کو بتایا کہ اس بات پر اتفاق ہے کہ یہ دونوں بچے شہزادہ اور شہزادی تو ہو سکتے ہیں مگر انہیں شاہی خاندان سے متعلق “عزت ماٰب” کا لقب نہیں دیا جا سکتا کیونکہ ان کے والدین اور وہ دونوں شاہی امور میں مصروف خدمت نہیں ہیں۔

اب ملکہ کی موت کے بعد یہ فیصلہ مزید مضبوط ہوگیا ہے کہ آرچی اور للی بیٹ شہزادہ اور شہزادی ہیں، لیکن “عزت ماٰب” نہیں ہوں گے۔ غیرملکی خبر رساں ادارے کے ذرائع کے  مطابق ہیری اور میگھن اس بات پر غصہ میں دکھائی دئیے کہ ان کے بچے اب شاہی خطاب سے محروم رہیں گے۔

واضح رہے کہ یہ فیصلہ 8 ستمبر کو ملکہ الزبتھ دوم کی وفات کے بعد شہزادہ چارلس کے کنگ بننے کے ہفتہ کے دوران ہونے والی تلخ بات چیت کے بعد کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ  ہیری اور میگھن نے  2020 میں شاہی خاندان سے دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے  شاہی ذمہ داریوں سے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی اور برطانیہ سے امریکہ منتقل ہوگئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں