Pak vs Aus 2nd ODI 155

امام الحق اور بابر اعظم کی شاندار سنچریاں، پاکستان نے دوسرا ون ڈے جیت لیا

لاہور: پاکستان نے آسٹریلیا کی جانب سے دیا گیا 349 رنز کا ہدف 6 وکٹ کے نقصان پر حاصل کرکے کینگروز کو ہوش ٹھکانے لگا دیئے۔ امام الحق کی شاندار سنچری اور بابراعظم کی قائدانہ سنچورین اننگزکی بدولت پاکستان نے آسٹریلیا کو شکست دے کر تین میچز کی سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں کپتان قومی ٹیم بابراعثم نے ٹاس جیت کر آسٹریلوی قائد ایرون فنچ کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی تھی۔
کینگروز نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹ کے نقسان پر 348 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے بین مک ڈرموٹ نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 104 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 4 چھکے ور 10 چوکے شامل تھے۔ ٹریوس ہیڈ نے شاندار 89 رنز کی اننگز کھیلی۔ دیگر بلے بازوں میں مارنس لبوشین نے 59، مارکس سٹوئنس 49، شان ایبٹ 28، ایلکس کیری اور کیمرون گرین نے 5، 5 رنز اسکور کئے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 4 کینگروز کا شکار کیا۔ محمد وسیم جونیئر نے 2، زاہد محمود اور خوشدل شاہ نے 1،1 کینگرو کو پویلین کی راہ دکھائی۔

آسٹریلیا کی جانب سے دیا گیا کوہ ہمالیہ سر کرنے کیلئے پاکستانی بلے بازوں نے انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔ فخر زمان اور امام الحق نے 118 رنز کی شراکت داری قائم کی۔ فخرزمان اور امام الحق نے جب بھی 100 رنز کی شراکت داری قائم کی پاکستان وہ تمام میچز جیتا ہے۔ قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ایک مرتبہ پھر قائدانہ اننگز کھیلتے ہوئے مخالف ٹیم کے باولرز کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا۔ انہوں نے اپنے کیریئر کی 15ویں اور بطور کپتان چوتھی سنچری اسکور کی۔ بابر اعظم بطور کپتان آسٹریلیا کے خلاف سنچری کرنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔ انہوں نے 83 گیندوں پر 114 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ بابر اعظم کی اننگز میں 1 چھکا اور 11 چوکے بھی شامل تھے۔
پاکستان کی جانب سے بابراعظم 118، امام الحق، 106، فخرزمان 67، محمد رضوان 23 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ خوشدل شاہ 27 اور افتخار احمد 11 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔
کینگروز کی جانب سے ایڈم زمپا نے 2، نیتھن ایلس اور مارکس سٹوئنس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

شاہین اور کینگروز تیسرے اور فیصلہ کن معرکہ کیلئے ہفتہ کے روز ایک دوسرے سے ٹکرائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں