Babar Azam ODI Ranking 151

ون ڈے رینکنگ میں بابراعظم کی بادشاہت برقرار، ٹنڈولکر کو بھی پچھاڑ دیا

آئی سی سی نے ون ڈے کی نئی رینکنگ جاری کر دی۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کی حکمرانی برقرارہے۔ اوپننگ بلے باز امام الحق بہترین کارکردگی کے بعد تیسری پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جاری کردہ ون ڈے کی درجہ بندی میں قومی کپتان بابر اعظم نے پہلی پوزیشن برقرار رکھتے ہوئے سابق بھارتی بلے باز سچن ٹنڈولکر کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
عالمی نمبر ایک بلے باز بابراعظم نے اپنی پوزیشن کو مزید مستحکم کر لیا ہے اور ان کے ریٹنگ پوائنٹس کی تعداد 891 ہو گئی ہے۔ ریٹنگ پوائنٹس کی دوڑ میں بابر اعظم نے سچن ٹنڈولکر اور آسٹریلوی بلے باز مائیکل بیون کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

سابق لیجنڈری بلے باز سچن ٹنڈولکر نے کیریئر میں سب سے زیادہ 887 پوائنٹس حاصل کئے تھے جبکہ مائیکل بیون 885 پوائنٹس تک پہنچ سکے تھے۔

ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ پوائنٹس کا اعزاز عظیم ویسٹ انڈین بلے باز سرویوین رچرڈز کے پاس ہے۔ انہوں نے ایک روزہ کرکٹ میں 935 پوائنٹس حاصل کئے تھے۔ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ایشین بریڈ مین ظہیر عباس ہیں جنہوں نے 931 پوائنٹس حاصل کئے تھے۔

اس فہرست میں ساتویں نمبر پر پاکستان کےمایہ ناز بلے باز جاوید میانداد بھی موجود جنہوں نے 910 پوائنٹس حاصل کررکھے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں