Pak vs Aus match 132

پہلا ایک روزہ میچ، کینگروز نے شاہینوں کا شکار کر لیا

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں آسٹریلیا نے شاہینوں کو اٹھاسی رنز سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔

کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ آسٹریلیا نے شاہینوں کے خلاف جارحانہ اننگز کا اغاز کیا۔ اوپنر بلے باز ٹریوس ہیڈ نےجارحانہ انداز اپناتے ہوئے 72 گیندوں پر 3 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 101 رنز کی اننگز کھیلی۔ بین میکڈرموٹ نے 55، مارنس لبوشین 25، مارکس اسٹوئنس 26، آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ 23، اور ایلکس کیری 4 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ کیمرون گرین 40 اور ناتھن یلس 3 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ آسٹریلیا نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 313 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے زاہد محمود، حارث رؤف نے 2،2 ، افتخار احمد اور خوشدل شاہ نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔

پاکستان ٹیم پہاڑ جیسا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ اور پوری ٹیم چھیالیسویں اوور میں 225 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ اوپننگ بلے باز امام الحق کی سنچری رائیگاں گئی اور گرین شرٹس کو شکست سے نہ بچا سکی۔ امام الحق کی اننگز میں 3 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔ کپتان بابر اعظم 57، خوشدل شاہ، 19، فخرزمان 18، محمد رضوان 10، حارث روف 7، سعود شکیل 3، افتخار احمد 2، حسن علی 2 اور محمد وسیم جونیئر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔

آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زمپا نے تباہ کن باولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین بدر کیا۔ ٹریوس ہیڈ، مچل سویپسن نے 2،2، شان ایبٹ، ناتھن ایلس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ٹریوس ہیڈ کو شاندار آل راونڈر کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ انہوں نے سنچری اسکور کی اور 35 رنز کے عوض 2 شاہینوں کا بھی شکار کیا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ایک روزہ میچ 31 مارچ کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں